پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کر دی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے نئی عبوری حد عبور کر لی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس کو اکتوبر راس آیا ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز آغاز سے ہی اسٹاک ایکسچینج میں زبر دست تیزی دیکھنے میں آئی۔

انڈیکس نے کاروباری دن میں پہلی بار 85 ہزار 47کی بلند ترین سطح بنائی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1378 پوائنٹس اضافے سے 84910 پر بند ہوا ہے۔

نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز 44 کروڑ 95لاکھ شیئرز کے خرید وفروخت ہوئی جن کی مالیت 30 ارب روپے سے زائد رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 197ارب روپے بڑھ کر 11 ہزار 77 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے۔

معاشی تجزیہ نگار طاہر عباس کے مطابق بازار کا دھیان مثبت ہے۔ فٹ سی رسل نے پاکستان کو ایمرجنگ مارکیٹ سے فرنٹیئر مارکیٹ میں منتقل کیا ہے۔ فٹ سی رسل کو ٹریک کرنے والے فنڈز کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چودہ کمپنیوں میں تقریباً ساڑھے 5 کروڑ ڈالر خریداری تھی۔ جو تقریباً بک چکی ہے۔ اس کے علاوہ بازار میں شرح سود چار نومبر کی شیڈول میٹنگ سے پہلے کم ہونے کی توقعات بھی ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف معاہدے کی پہلی قسط بھی موصول ہوچکی ہے۔ جبکہ سرکلر ڈیٹ کو روکے جانے کی عوامل کی وجہ سے آئل اینڈ گیس شعبے میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہے۔ ان وجہوہات کی وجہ سے بازار میں سرمایہ کاری کا مثبت رجحان ہے۔