وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کے لیے امریکہ روانہ ہو گئے۔
وزرات خزانہ کے ذرائع کے مطابق محمد اورنگزیب دورہ امریکہ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، چین، برطانیہ، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ترکیہ کے ہم منصب سے ملاقاتیں ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ کی امریکہ کے سٹیٹ اور ٹریثری ڈیپارٹمنٹس کے اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی دورے کا حصہ ہیں، دورہ کے دوران عالمی کریڈٹ ریٹنگز ایجنسیوں، کمرشل بینکوں بالخصوص مشرق وسطی کے سرمایہ کار بینکوں کے حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
محمد اورنگزیب دورہ کے دوران سرمایہ کاری فورمز اور سمینارز سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے اور امریکہ کے معروف تھنک ٹینکس کا دورہ کریں گے جبکہ بین الاقوامی اور امریکی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔