خیبر پختونخوا کے پیسے بشریٰ بی بی کی سیکیورٹی پر خرچ ہورہے ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور:

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ زمان پارک میں جس طرح لوگ بیٹھے ہوتے تھے لگتا تھا عرس چل رہا ہے محترمہ اپنے ساتھ بہت ساری سیکیورٹی لائی تھیں، کے پی کے کے پیسے ان کی سیکیورٹی پر لگ رہے ہیں۔

ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندو برادری دیوالی مناتی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومتی طور پر دیوالی کو منایا ہے وزیر اعلی پنجاب نے دیوالی ایسے ہی بنائی جیسے ان کی اپنی تقریب ہو، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مینارٹی کارڈ کا اعلان کیا ہے، ہمارے جو بچے بے روز گار ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب بیس دسمبر کو تقریب میں ان کے لیے اعلان کرے گی۔

انہوں ںے کہا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں بلیک میلنگ عام ہے، چون ارب روپے کی لاگت سے ایک ہزار بیڈ کا اسپتال بننے جارہا ہے تمام لوگوں کے لئے یہ اسپتال ہوگا اس اسپتال میں عوام کا مفت علاج ہوگا، ایئر ایمبولینس کامیابی کے ساتھ مریضوں کو شفٹ کرتی ہے، مخالفین کو کبھی نابینا افراد پر سیاست کرنی ہے کبھی کسانوں پر سیاست کرنی ہے، کبھی آپ کو معصوم بچیوں کی عزت پر سیاست کرنی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اسموگ عروج پر ہے، لاہور میں پچھلے چند دنوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس ایک سو چوہتر تھا، بھارت کی جانب سے دھواں آنے کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں، ایک ہزار لوگ گرفتار ہوئے تیرہ سو تیس ایف آئی آرز ہوئی، فضاؤں کو کنٹرول نہیں کیا جاسکتا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب انڈین پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایگری کلچر میں بہت زیادہ جدت آگئی ہے سپر سیڈرز کے آنے کے بعد فصلیں جلانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ایک ہزار سپر سیڈر وزیر اعلیٰ پنجاب تقسیم کرچکی ہیں، ایک سال میں پانچ ہزار تقسیم کریں گی، سپر سیڈر تیرہ لاکھ روپے کا ہے جس میں پانچ لاکھ کسان ادا کرے گا۔

لاہور میں مصنوعی بارش کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کے تجربے کے لیے بادل کا ہونا بے حد ضروری ہے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے گرین ٹریکٹر اسکیم شروع کی تھی، مریم نواز چار اضلاع میں ایگری کلچر مال بنانے جارہے ہیں،  ان مالز میں ایگری کلچر کے آلات کرائے پر مل سکیں گے، ٹریکٹر اسکیم پر پندرہ لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مستونگ میں افسوس ناک واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کرتی ہوں دہشت گردوں کا ایک ہی ایجنڈا ہوتا ہے اور وہ ہے ملک میں افراتفری پھیلانا، جن لوگوں کو لاکر پاکستان میں بسایا گیا انھوں نے زمان پارک کے باہر پٹرول بم بنائے، کسی کو بھی دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیا اسپیکر مارکیٹ میں آنے والا ہے کہ ’’ہم ہی غلام ہیں‘‘، ان کی پوری نظر ٹرمپ پر ہے ٹرمپ نہ ہوگیا ان کی پھوپھو کا بیٹا ہوگیا، ان کا مقصد ہی ملک میں فساد اور افراتفری پیدا کرنا ہے، نو مئی کے ملزمان کا فوجی عدالتوں میں بالکل ٹرائل ہونا چاہیے، عمران خان کے اپنے دور میں ملٹری ٹرائل ہوتے رہے ہیں، ابھی تک ان کی رسی دراز ہے فل عمران داری ہورہی ہے۔

انہوں ںے بشریٰ بی بی سے متعلق کہا کہ زمان پارک میں جس طرح لوگ بیٹھے ہوتے تھے لگتا تھا عرس چل رہا ہے محترمہ اپنے ساتھ بہت ساری سیکیورٹی لائی تھیں، کے پی کے کے پیسے ان کی سیکیورٹی پر لگ رہے ہیں۔