پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے 12 شہدا اور 49 زخمیوں کا ذکر کیا تھا، زخمیوں میں سے مزید دو افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ان کا ڈیٹا بھی عدالت میں جمع کرانا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد کی سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی کمپلینٹ ایک پرائیویٹ کمپلینٹ ہے، اس کا طریقہ کار مختلف ہوتا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اس کمپلینٹ پر مزید کاروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کل حکومت سے ہمارے مذاکرات کا تیسرا سیشن ہو گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اپنے مطالبات تحریری طور پر جمع کرائیں گے، حکومت اگر نیک نیتی اور سنجیدگی کے ساتھ بیٹھے تو مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی قیدی تکلیف میں ہیں ان کی رہائی ضروری ہے، بانی پی ٹی آئی سیاسی قیدی ہیں، ان کی رہائی ہونی چاہئے۔