پاورڈویژن کا موسم سرما میں صارفین کے لیے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان‘ اضافی بجلی کے استعمال پرفی یونٹ 26 روپے تک ریلیف دیا جائےگا۔ یہ ریلیف گزشتہ سال کے مقابلے اضافی بجلی کے استعمال پرملےگا اور اضافی بجلی پر26 روپے7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائےگا ۔ پیکیج موسم سرما کے3 ماہ یعنی دسمبر 2024 سے فروری2025 کے لیے ہوگا ۔پیکیج کا اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو ٹیرف پر 11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے جبکہ کمرشل صارفین کو 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا۔صنعتی صارفین کو 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے تک فی یونٹ بچت ہوگی۔اضافی بجلی سے مراد گزشتہ دسمبر میں اگر صارف نے 100 یونٹ استعمال کیے ہیں اور اس دسمبر میں 150یونٹ استعمال کیے ہیں تو 50 یونٹ پر ریلیف ملے گا۔ذرائع کا بتانا تھا کہ موسم سرما میں اضافی بجلی کے استعمال کے لیے بنائے گئے ونٹر پیکج کو جنوری سےشروع کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ بجلی کی طلب 8 ہزار سے 15 ہزار میگاواٹ بڑھانےکا پلان بنایا گیا ہے۔