پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں آج سے انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے پولیو مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیو مہم 7 روز تک جاری رہے گی، خیبرپختونخوا میں اب تک 18 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں زیادہ تر پولیو کیسز ڈی آئی خان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اکثر بچوں کو حفاظتی قطرے نہیں مل پاتے، اس لئے مزید کیسز سامنے آجاتے ہیں، اس لئے سب سے درخواست ہے کہ اس مہم میں حکومت کا ساتھ دیں، ندیم اسلم چوہدری نے بتایا کہ ایک وائرس کو تو ختم کردیا ہے لیکن دوسرا وائرس اب بھی موجود ہے، عوام کو پولیو مہم کی اہمیت کو سمجھنا چاہئے۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ تمام ہسپتالوں میں پولیو کے حفاظتی قطرے موجود ہوتے ہیں، دوسری طرف پولیو قطرے سے انکاری والدین کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ان کا ڈیٹا مرتب کر کے کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، ندیم اسلم چوہدری نے مزید کہا کہ اس بار سیکورٹی کے سخت ترین اقدامات کئے گئے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں شروع ہونے والی پولیو مہم میں 8 لاکھ 65 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم میں 2,529 پولیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ان میں 711 ایریا انچارجز مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دوسری طرف مہم کے دوران ٹیموں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے 3,535 سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خراب امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع کرم میں پولیو مہم ملتوی کردی گئی، جبکہ دوسری طرف ملک بھر میں اب تک 62پولیو کیسزسامنے آچکے ہیں، 62پولیو کیسز میں سے 18کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، صوبے میں اس وقت پولیو کے قطروں سے انکاری والدین کی تعداد 54ہزار سے زائد ہے۔
یاد رہے کہ پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں آج سے انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے پولیو مہم کا افتتاح کیا.