’تین سو سے زائد معصوم بچے جاں بحق‘، کرم گرینڈ جرگے کا فیصلہ کن راؤنڈ قریب

ضلع کرم میں امن و امان کے مشن پر کارفرما گرینڈ جرگے کی اگلی بیٹھک کل کشمنر کوہاٹ معتصم باللہ کی سربراہی میں ہوگی۔ جرگہ ممبران کے مطابق ایک فریق کی جانب سے 14 نکات پر مشتمل معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں جبکہ دوسرے فریق کے دستخط ہونا باقی ہیں، کل فائنل راؤنڈ میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

دوسرے فریق نے مشاورت کیلئے دو روزکی مہلت مانگی ہے، منگل کو دن گیارہ بجے ضلع کرم امن گرینڈ جرگے کا فیصلہ کن راؤنڈ ہوگا۔

جرگہ ممبران کا کہنا ہے کہ معاہدے پر جلد از جلد دستخط ہماری کوشش ہے، مگر تمام فریقین کی رضا مندی بھی ضروری ہے، تمام جرگہ ممبران اس بات پر متفق ہیں کہ جلد از جلد باہمی مشاورت سے معاہدے پر دستخط ہوں۔

جرگہ ممبران نے کہا کہ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ ضلع کرم میں اس وقت قیامت صغرا برپا ہے، تین سو سے زائد معصوم بچے ادویات نہ ہونے کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، علاقے میں نہ ایندھن ہے نہ کھانے پینے کی اشیاء اور نہ ہی ادویات ہیں۔