قومی اسمبلی میں لاس اینجلس میں لگی آگ، متاثرین کیساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور

قومی اسمبلی نے امریکا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی ہولناک آگ اور اس واقعے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی مشترکہ قرارداد منظور کرلی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیپلز پارٹی کے نوید انور جیوا نے پیش کی جس پر 13سے زائد ارکان نے دستخط کیے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ قرارداد مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی ادارے امداد کیلئے آگے آئیں اور متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔

بعد ازاں قومی اسمبلی نے لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ، درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے اور ہزاروں افراد کے متاثر ہونے پر ان سے اظہار ہمدردی کے لیے قراداد منظور کرلی۔

خیال رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگی آگ پر تقریباً ایک ہفتہ گزرجانے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔ مختلف مقامات پر لگی یہ آگ اب تک تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو جلا کر خاکستر کرچکی ہے۔

اس آگ کے نتیجے میں اب تک 24 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد لاپتا ہیں، آگ کے باعث 12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں ہیں جبکہ 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق 12 ہزار سے زائد فائر فائٹرز، ساڑھے 1100 فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جو اب تک آگ پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔