پی ٹی آئی کو جو جواب پیش کریں گے وہ حتمی جواب ہو گا: رانا ثنا

وزیر اعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے حکومت کو پیش کردہ چارٹر آف ڈیمانڈ محض جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو چارٹر آف ڈیمانڈ دیا، وہ پہلے میڈیا کو جاری کیا گیا، جو کہ غیر مناسب تھا۔

رانا ثنا اللہ نے وضاحت کی کہ وزیر اعظم نے تمام اتحادیوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو پی ٹی آئی کے مطالبات کا مؤثر جواب تیار کرے گی، اور جو جواب دیا جائے گا وہ حتمی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پہلے دو مطالبات شامل نہیں کیے گئے، ایک یہ کہ ان کا مینڈیٹ واپس کیا جائے، اور دوسرا کہ تمام مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں، لیکن پی ٹی آئی نے کسی ورکر کا نام یا ایف آئی آر کا نمبر نہیں دیا۔

وزیر اعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ 9 مئی کی گرفتاری کے معاملے پر سپریم کورٹ پہلے ہی کارروائی کر چکی ہے، اور اس پر مزید کوئی بات نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ ایریا میں گھروں کو آگ لگانے کے واقعات کے فیصلے ملٹری کورٹ میں ہو چکے ہیں، اور کمیشن کا کوئی اختیار نہیں ہے کہ وہ ایسے کیسز پر عمل کرے جو عدالتوں میں زیر سماعت ہوں۔

رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کے پروپیگنڈے میں مبالغہ آرائی کی گئی ہے، اور اگر اتنے لوگ ہلاک یا زخمی ہوئے ہوتے تو ان کی فیملیز دو ماہ بعد بھی احتجاج کرتی۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی مبینہ ہلاکتوں یا زخمیوں کی تفصیلات فراہم کریں، لیکن دو مہینوں میں وہ ایسا نہیں کر سکے۔ ان کے مطابق، یہ تمام معاملہ جھوٹ اور پروپیگنڈے کے سوا کچھ نہیں۔