روزانہ کے شوکاز سے تنگ آگیا ہوں، عمران خان نے نکالنا ہے تو بے شک نکال دیں: شیر افضل مروت

پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت پارٹی کی جانب سے بار بار ملنے والے شوکاز نوٹسز سے تنگ آگئے۔ 

پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک یوٹیوبر نے میرے بارے میں جو کہا ہے وہ سراسر جھوٹ ہے،  مجھے نکالنے کا فیصلہ پہلے سے کردیا گیا ہے تو پھر شوکاز ایک فارمیلٹی ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ ہر 6 ماہ بعد کوئی شوکاز آجاتا ہے کہ آپ نے یہ بیان دیا ہے، میں نے کوئی بیان نہیں بلکہ جواب دیا ہوتا ہے، اگر مجھے پارٹی میں رکھتے بھی ہیں تو میں جواب دیتا رہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی سمجھتا ہےکہ وہ میرے خلاف بات کرے گا تو میں خاموش رہوں گا یہ ممکن نہیں،میں جس قبیلے سے ہوں وہ اپنے مرشد اپنے لیڈرکیلئے جان دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔

شیر افضل نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ بانی جن لوگوں کے نرغوں میں ہے وہ ان کے کان بھر رہے ہیں، کچھ لوگ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جاکر غلط بیانیاں کرتے ہیں، میں جمعہ کو بیرسٹرگوہر کو اپنا مؤقف دے رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لوگوں نے میرے خلاف بیانات دیے،اس کے بعد میں نے جواب دیا، سیاست ہم عزت کیلئے کررہے ہیں،میرے گھر کسی کے ہاں سے کھانا تو نہیں آتا۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کے سوا کوئی بھی میرے خلاف بات کرے گا تو میں آئندہ بھی جواب دوں گا، میں روزانہ کے شوکازوں سے بہت تنگ آگیا ہوں،عمران خان نے نکالنا ہے تو بے شک نکال دیں میں نے کوئی گناہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔