بانی پی ٹی آئی کو سزا کا فیصلہ ظلم اور عوام دشمن ہے، رہنماء تحریک انصاف

پی ٹی آئی رہنماؤں نے بانی کو سزا کے فیصلے کو ظلم اور عوام دشمن قرار دیدیا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کہتے ہیں کہ یہ عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، اس سزا کو اعلیٰ عدالتوں میں چلینج کریں گے۔ شبلی فراز نے کہا کہ یونیورسٹیز اور ہاسپٹلز بنانے والے اس کو ایسے معاملے پر سزا دینا ظلم اور زیادتی ہے، اعلیٰ عدالتیں دیگر فیصلوں کی طرح یہ بھی باہر پھینک دیں گی۔ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو پرواہ نہیں کہ ملک کے ساتھ کیا ہورہا ہے، یہ عوام دشمن فیصلہ ہے، آزادی کو روندا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نیب کورٹ سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 14 سال قید کی سزا پر پاکستان تحریک انصاف کے ارکان پارلیئمنٹ نے ایوان کے باہر احتجاج کیا، جس کی قیادت عمر ایوب کررہے تھے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا کہ آج ایک سیاہ دن ہے، القادر کیس کا فیصلہ سنایا گیا، یہ عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ دن ہے، اس سزا کو اعلیٰ عدالتوں میں چلینج کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حسن نواز نے رقم ادا کی تھی، پیسہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آیا، وہاں سے پیسہ قومی خزانے میں گیا، سرکار منافع بھی کماتی رہی، اس میں بانی اور بشریٰ بی بی کا کوئی تعلق نہیں تھا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ایک شخص نمل یونیورسٹی اور شوکت خانم جیسے ادارے بناتا ہے، پھر ایک ایسی یونیورسٹی بنائی جس میں سیرت پڑھائی جانی تھی، اس معاملے پر سزا دینا ظلم اور زیادتی ہے، اعلیٰ عدالتیں دیگر فیصلوں کی طرح یہ بھی باہر پھینک دیں گی، ہم آئین اور قانون کی حکمرانی کے اندر رہتے ہوئے کھیل رہے ہیں۔

ناصر عباس کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کو پرواہ نہیں کہ ملک کے ساتھ کیا ہورہا ہے، یہ عوام دشمن فیصلہ ہے، آزادی کو روندا گیا ہے، یہ بدنیتی پر مبنی فیصلہ ہے، ہم فیصلہ مسترد کرتے ہیں، فیصلوں میں ظلم کرنے والے جج اس کرسی پر بیٹھنے کے اہل نہیں۔

پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری نے فیصلے کے بعد کہا کہ فنانشل کرپشن کا ایک بھی ثبوت نہیں، پہلے دن سے کہا یہ جج فیصلہ ڈھونڈ رہا ہے، اس جج کو بھی ہم ایکسپوز کریں گے، ایسا شخص اٹھایا گیا جس نے بددیانتی کی مثال قائم کی۔

ان کا کہنا ہے کہ بے ہودہ کیس کا بے ہودہ فیصلہ ہے، پوری دنیا میں مذمتی قرار دادیں پیش کریں گے، آج سیاہ ترین دین ہے، یہ بانی کو ٹارگٹ کرنے کا دن ہے، عدالتیں قانون کے مطابق فیصلہ نہیں دے سکیں۔