صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کا اعادہ کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت عہدہ سنبھالنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا نے خوشحالی و امن کے لیے ہمیشہ مل کر کام کیا، قیام امن کے حصول کے لئے اشتراک کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیراعظم اور صدر پاکستان نے بحیثیت صدر کامیابی کے لئے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 47ویں صدر کی حیثیت سے اپنی دوسری مدت کےلیے حلف اٹھا لیا، امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ کیپٹل ہل پہنچے۔ ان کے ہمراہ صدر جو بائیڈن بھی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے۔
امریکی صدر کی حلف برداری تقریب واشنگٹن کے یوس ایس کیپیٹل روٹونڈا میں ہوئی، تقریب میں 3 سابق صدور براک اوباما، جارج ڈبلیو بش اور بل کلنٹن بھی شرکت کے لیے پہنچے۔
تقریب میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے مالک ایلون مسک، میٹا کے مالک مارک زکر برگ، امیزون کے چیئرمین جیف بیزوس اور گوگل کے سربراہ سُندر پچائی بھی موجود تھے۔
حلف اٹھانے سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ چرچ کی دعائیہ تقریب میں شرکت کی، ٹرمپ کے ساتھ چرچ میں نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس بھی شریک تھیں۔
دوسری دفعہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سنہرے دور کا آج سے آغاز ہو گیا ہے، آج سے ہمارا ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، اور دنیا بھر میں دوبارہ اس کی عزت کی جائے گی۔