خیبرپختونخوا حکومت نے کُرم امن معاہدے کے دستخط کنندگان کا جرگہ بلانے کا فیصلہ کرلیا۔
کرم کی صورتحال پر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، آئی جی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں کُرم امن معاہدے کے دستخط کنندگان کا جرگہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا گیا کہ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے دستخط کنندگان کی ذمےداریوں کواجاگرکیا جائےگا۔
اجلاس میں ضلع کرم میں دیہات کی سطح پر قائم کمیٹیوں کو فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب کھانے پینے کی اشیا، دوائیں اور دیگر اشیا لے کر ساٹھ سے زائدچھوٹی گاڑیوں کا قافلہ ضلع کرم پہنچ گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق قافلہ شام تک پارا چنار سمیت اپرکرم کے دیگرعلاقوں تک پہنچے گا۔
اُدھر سرکاری ذرائع کے مطابق کرم کے علاقے بگن میں 19 سے 21 جنوری تک ضلعی انتظامیہ، پولیس اورسکیورٹی اداروں کے آپریشن میں بڑی تعداد میں غیرقانونی ہتھیار برآمد کیے گئے، فریقین کے دستخط شدہ معاہدے کےمطابق شرپسندوں کےخلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی۔
خیال رہے کہ یکم جنوری کو کرم کے معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا، فریقین کی جانب سے بنائےگئے مورچے ختم کیے جائیں گے۔
فریقین کی جانب سے45 ،45 افراد نے دستخط کیے تھے۔