عمران خان نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹادیا۔

 عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے پارٹی کی صوبائی صدارت کا عہدہ واپس لے لیا ہے اور ان کی جگہ اب جنید اکبر کو پارٹی کا نیا صوبائی صدر مقرر کیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کو جنید اکبر کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔

اس کے علاوہ عمران خان نے سلمان اکرم راجہ کو پنجاب میں پارٹی کی تشکیل نو کے لیے مشاورت کی ہدایت بھی کی ہے۔

اس حوالے سے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین خود بھی چاہتے تھے وہ پارٹی صدارت اپنے پاس نہ رکھیں، بانی پی ٹی آئی نے علی امین کو کہا ہے کہ صوبے میں دہشتگردی اور گورننس کے معاملات پر فوکس کریں۔

واضح رہےکہ تحریک انصاف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لیے شیر افضل کو نامزد کیا تھا لیکن گزشتہ دنوں ان کی نامزدگی منسوخ کرکے جنید اکبر کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا گیا جو بلا مقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔