کے پی پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن! دو ماہ میں 1106 خطرناک مجرمان گرفتار

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کی مجرموں کے خلاف زبردست کارروائی! شہر بھر میں جرائم کی بیخ کنی کے لیے جاری آپریشن کے دوران دو ماہ میں 1106 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور قاسم علی خان اور ایس ایس پی آپریشنز مسعود احمد کی ہدایت پر شہر کے مرکزی اور نواحی علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، جس میں خطرناک مجرمان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خصوصی مہم کے دوران قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا اور راہزنی جیسے سنگین جرائم میں مطلوب مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

سی سی پی او پشاور قاسم علی خان نے کامیاب کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اسی جوش و جذبے کے ساتھ اشتہاری مجرمان اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں۔