کے پی حکومت نے پشاور میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کی فہرست جاری کردی

پشاور: تحریک انصاف پشاور کی جانب سے شہر کو نظرانداز کرنے کے الزام کے بعد حکومت نے پشاور میں ایک سال کے دوران مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کی فہرست جاری کر دی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، 450 ملین روپے پشاور کی ترقی، خوبصورتی اور تفریحی منصوبوں پر خرچ کیے گئے۔ بی آر ٹی منصوبے میں 70 نئی بسوں کا اضافہ کیا گیا، جس سے روزانہ مزید 55 ہزار مسافر مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ، پشاور بس ٹرمینل کی تعمیر سے 2 ملین مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں ملیں گی اور 5 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
زو بزنس سینٹر چمکنی میں 50 سے زائد نئے کاروبار قائم ہوں گے، جس سے 2 ہزار نوکریاں فراہم ہوں گی۔ ناصر باغ روڈ کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کے علاوہ رنگ روڈ کا شمالی سیکشن بھی زیر تعمیر ہے۔
مزید برآں، 70 ملین روپے سے ناصر باغ روڈ پر یو ٹرن پل کی تعمیر جاری ہے، جبکہ حیات آباد فیز 5 میں 144 جدید فلیٹس بنائے جا رہے ہیں۔ پشاور اور نوشہرہ کے سنگم پر 80,000 رہائشی یونٹ پر مشتمل منصوبہ بھی تعمیر کے مراحل میں ہے۔