چین کا چاند پر ریڈیو ٹیلی اسکوپ کی تعمیر کا اعلان

چین نے حالیہ برسوں میں خلائی تسخیر کے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں اور اب چاند پر انسانوں کو بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ چینی سائنسدانوں نے زمین سے نظر نہ آنے والے چاند کے حصے پر ایک ریڈیو ٹیلی اسکوپ لگانے کی تجویز دی ہے، جس کی تکمیل 2030 کی دہائی میں متوقع ہے۔

یہ ٹیلی اسکوپ تتلی کی شکل کے 7200 وائر انٹینوں پر مشتمل ہوگی، جو 30 کلومیٹر کے رقبے میں پھیلی ہوں گی۔ اس منصوبے کا مقصد کائنات کے رازوں کو دریافت کرنا اور سیاروں، کہکشاؤں، اور بلیک ہولز کے ریڈیو سگنلز کا تجزیہ کرنا ہے۔

یہ منصوبہ چینگ ای 7 اور چینگ ای 8 مشنز کے ذریعے شروع کیا جائے گا، جو بالترتیب 2026 اور 2028 میں چاند پر بھیجے جائیں گے۔ اس ٹیلی اسکوپ کی مدد سے چین نئے سیاروں کی دریافت اور کائنات کی ابتدا کے راز جاننے میں کامیاب ہو سکتا ہے۔

یہ منصوبہ تین مراحل میں مکمل ہوگا، جس میں ابتدائی تین سال کے دوران 16 انٹینے نصب کیے جائیں گے، اور آخری مرحلے تک چاند پر ایک تحقیقی بیس بھی قائم کر دی جائے گی۔