متحدہ عرب امارات میں 100 درہم کا نیا کرنسی نوٹ متعارف

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک نے 100 درہم کا نیا کرنسی نوٹ متعارف کروا دیا۔

اماراتی خبررساں ایجنسی کے مطابق نیا نوٹ کاغذ کے بجائے پالیمر سے تیار کیا گیا ہے، جو زیادہ پائیدار اور ماحول دوست ہے۔ اس میں جدید ترین سیکیورٹی خصوصیات شامل کی گئی ہیں تاکہ جعلی نوٹوں کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

اس کرنسی نوٹ میں اسپارک فلو ڈائیمنشنز اور کائینگرام کلرز جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ سرخ رنگ کے مختلف شیڈز میں تیار کیے گئے نوٹ کے سامنے کی طرف اُم القیوین کا تاریخی قلعہ اور پیچھے فجیرہ پورٹ اور اتحاد ریل کی تصاویر موجود ہیں۔

مزید برآں، نوٹ پر بریل علامات شامل کی گئی ہیں تاکہ نابینا افراد بھی اس کی مالیت کو آسانی سے شناخت کر سکیں۔

متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے مطابق 100 درہم کا پرانا نوٹ بھی قابلِ استعمال رہے گا۔