خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر: عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے عید الفطر سادگی سے منانے کا اعلان

خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر
عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے عید الفطر سادگی سے منانے کا اعلان

دہشتگردی کے متاثرین کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار، اے این پی پختونخوا عید سادگی کے ساتھ منائے گی

رمضان کے مقدس ایام کو خونریزی اور بدامنی کی نذر کرنا انتہائی افسوسناک ہے، میاں افتخار حسین
حالات کے پیش نظر اے این پی امسال عیدالفطر نہایت سادگی کے ساتھ منائی گی
عوامی نیشنل پارٹی ہشتگردی کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں
شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے
اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا درد ہم سے زیادہ کوئی نہیں جان سکتا
پارٹی ذمہ داران و کارکنان پرہجوم تقریبات منعقد کرنے سے گریز کریں
رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں اور سیکورٹی تدابیر کو ہر ممکن حد تک اپنائیں
عید کے موقع پر ان افراد کا خاص خیال رکھیں جو کسی نہ کسی وجہ سے خوشیوں سے محروم ہیں 
دہشتگردی کے ناسور کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی
ان مبارک ایام میں اس سرزمین کے امن و خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے
اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند کرے اور زخمیوں کو جلد کامل صحت عطاء فرمائے 

عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے رمضان المبارک میں ہونے والے دہشتگردی کے پے درپے واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس مہینہ جو رحمت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اسے خونریزی اور بدامنی کی نذر کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی دہشتگردی کےان واقعات کے تمام متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان افسوسناک واقعات میں جان سے جانے والوں کے اہل خانہ کے دکھوں کا مکمل مداوا ممکن نہیں، لیکن ان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی دہشتگردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دے چکی ہے اور اپنے پیاروں کے بچھڑنے کا درد ہم سے زیادہ کوئی نہیں جان سکتا۔ میاں افتخار حسین کا مزيد کہنا تھا کہ انہی المناک حالات کے پیش نظر عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ سنت رسولؐ کی پیروی کرتے ہوئے امسال عیدالفطر سادگی کے ساتھ منائی جائے گی۔ اے این پی پختونخوا کے تمام ذمہ داران و کارکنان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کسی بھی قسم کی پرہجوم تقریبات منعقد کرنے سے گریز کریں۔ عوام الناس سے بھی اپیل ہے کہ رش والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کریں اور سیکورٹی تدابیر کو ہر ممکن حد تک اپنائیں۔ ہمیں نہ صرف اپنی حفاظت کا خیال رکھنا ہے بلکہ اپنے خاندان، دوستوں اور کمیونٹی کے تحفظ کو بھی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنت رسولؐ کے مطابق حقیقی خوشی وہی ہے جس میں ہم اپنے مستحق اور نادار بھائیوں کو بھی شریک کریں۔ اس لیے اے این پی کے کارکنان اور عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ عید کے موقع پر ان افراد کا بھی خاص خیال رکھیں جو کسی نہ کسی وجہ سے خوشیوں سے محروم ہیں۔ میاں افتخار حسین نے مزيد کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور ہم اس ناسور کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان مبارک ایام میں اس سرزمین کے امن و خوشحالی، دہشتگردی خاتمے اور  مقابلے کیلئے  ہمیں عزم اور طاقت عطاء کرنے کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے۔ اللہ تعالی ہم سب کی عبادات قبول فرمائیں، دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے، ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل اور زخمیوں کو جلد کامل صحت عطاء فرمائے ۔