خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا مجموعی حجم 33 ارب روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں اس کی منظوری دے دی گئی۔
محکمہ اطلاعات کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی، جس سے معدنی وسائل کے شعبے میں مزید اصلاحات اور ترقی متوقع ہے۔
اس کے علاوہ آرٹسٹ ویلفیئر اینڈوومنٹ فنڈ کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کا مقصد صوبے میں فنون لطیفہ سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے۔ اسی اجلاس میں فاٹا یونیورسٹی کے لیے بھی ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی تاکہ تعلیمی معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔
مزید برآں، کابینہ نے فیملی ویلفیئر اسسٹنٹس کے لیے ٹریول الاؤنس 3000 روپے کرنے کی منظوری بھی دے دی، جس سے فیلڈ ورک میں مصروف عملے کو مزید سہولت ملے گی۔
یہ فیصلے صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے فروغ، تعلیمی اصلاحات اور فلاحی اقدامات کے سلسلے کی ایک کڑی سمجھے جا رہے ہیں۔