پاکستان رینجرز نے بدھ کے روز ایک بھارتی سیکیورٹی اہلکار کو سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر حراست میں لے لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ واقعہ پنجاب کے سرحدی علاقے فیروز پور کے قریب پیش آیا جہاں بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی 182ویں بٹالین سے تعلق رکھنے والا کانسٹیبل پی کے سنگھ وردی میں ملبوس اور سروس رائفل کے ہمراہ موجود تھا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے اہلکار کو حراست میں لینے کے بعد بھارتی حکام کو اس بارے میں باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا ہے۔ اس وقت دونوں ممالک کی بارڈر فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ جاری ہے تاکہ معاملے کو سفارتی سطح پر نمٹایا جا سکے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اہلکار دانستہ طور پر پاکستانی حدود میں داخل ہوا یا یہ محض ایک غلطی تھی۔ تاہم، سرحدی کشیدگی کے تناظر میں اس واقعے کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔