سیاسی انتشار، قانون کی عدم حکمرانی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے: شاہد خاقان عباسی

عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی پریس کلب میں “میٹ دی پریس” سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں نئے صوبوں اور گہری اصلاحات کی اشد ضرورت ہے، تاہم موجودہ سیاسی انتشار نے ایسے بنیادی موضوعات پر مکالمہ ناممکن بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی کی شدید قلت ہے اور 70 فیصد آبادی کو پانی دستیاب نہیں۔ حکومت کی بے حسی نے عوام کو نجی ٹینکروں کا محتاج بنا دیا ہے، جو واضح کرتا ہے کہ اشرافیہ بنیادی سہولتوں پر قابض ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آج پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوتی تو ترقی کا خواب ادھورا رہے گا۔ موجودہ نظام صرف نمائشی اقدامات تک محدود ہے، جبکہ حقیقی مسائل جیسے تعلیم سے باہر کروڑوں بچے، بڑھتی غربت، اور بلوچستان کی بے چینی نظر انداز کی جا رہی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو سنجیدگی اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے قوم کی رہنمائی کرنا ہوگی، ورنہ انحطاط مزید بڑھے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان کی پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی نہ حمایت کرتی ہے اور نہ مخالفت بلکہ صرف آئین کے تابع سیاست کرتی ہے۔