بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 خوارج ہلاک، 4 زخمی

بنوں: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں (خوارج) کو ہلاک اور 4 کو زخمی کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 23 اور 24 اپریل کی درمیانی شب کی گئی، جس میں فورسز نے دہشت گردوں کے ایک خفیہ ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے، جبکہ 4 زخمی ہو کر فرار ہو گئے۔ سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے عناصر کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، اور سیکیورٹی فورسز پوری قوم کے تعاون سے پرعزم ہیں۔