اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مضافات میں فضائی حملہ کیا ہے، حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے میزائل کی ذخیرہ گاہ کو نشانہ بنایا ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات پر فضائی حملہ کیا ہے، جس سے آسمان پر دھوئیں کے بڑے بادل چھا گئے۔
حملے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، دوسری جانب اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے بیروت میں ’حساس میزائل‘ ذخیرہ کرنے والی تنصیب کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بیروت پر حملے میں حزب اللہ کے زیر استعمال ’ حساس میزائلوں کا ذخیرہ کرنے والا ایک انفرا اسٹرکچر’ تباہ ہو گیا، ہے، تاہم، اس نے اپنے دعوے کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ’ اس عمارت میں میزائل ذخیرہ کرنا اسرائیل اور لبنان کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی صریح خلاف ورزی اور ریاست اسرائیل اور اس کے شہریوں کے لیے خطرہ ہے۔’
حزب اللہ کا موقف ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 پر مبنی ہے ، صرف دریائے لیتانی کے جنوب میں اسرائیلی سرحد کے قریب گروپ کی فوجی موجودگی کو محدود کرتی ہے، پورے لبنان میں نہیں۔
دریں اثنا اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے بالٹا میں ڈرون حملہ جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
لبنانی حکام کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے ہالٹا پر فضائی حملہ کی جس میں پولٹری فارم پر کام کرنے والا ایک شخص حملے کا نشانہ بنا۔
اسرائیل نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں حزب اللہ کا ایک رکن مارا گیا ہے۔