وزیراعظم کی غیر ملکی کمپنیوں کو زراعت اور صنعت میں شراکت کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ کاروں اور غیر ملکی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ زراعت، برآمدات، صنعت اور روزگار کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا نے تمام شعبوں پر گہرا اثر ڈالا ہے، اور پاکستان کی 60 فیصد نوجوان آبادی ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پنجاب میں ان کے دورِ وزارت اعلیٰ کے دوران 4 لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے گئے اور دیہی معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات کیے گئے۔

وزیراعظم نے کانفرنس میں 50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانی اور دیگر 70 کروڑ ڈالر کے اعلانات کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔