بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تین شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن انٹیلیجنس رپورٹ پر کیا گیا اور فورسز نے دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی ملا۔
بیان کے مطابق ہلاک دہشت گرد ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے، جن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں پر حملے شامل تھے۔
مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر علاقے میں سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ بلوچستان کا امن ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
