پنجاب: اپنی زمین، اپنا گھر ای پورٹل کا افتتاح، 3مرلہ کے پلاٹ مفت ملیں گے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں بے گھر افراد کو 3 مرلہ کے پلاٹ مفت دینے کیلئے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبہ کے ای پورٹل کا افتتاح کر دیا۔

’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 19 اضلاع میں 23 ہاؤسنگ اسکیموں کے تحت 3 مرلے کے 2 ہزار پلاٹس مفت فراہم کیے جائیں گے، پہلے مرحلے میں پلاٹوں کی تقسیم جہلم، پتوکی، ماموں کانجن، لودھراں اور رینالہ خورد میں ہوگی اور قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب افراد کو گھر کی تعمیر کیلئے آسان شرائط پر قرضے بھی دیئے جائیں گے۔

ای پورٹل کا افتتاح کرنے کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ منصوبے محض تعمیرات نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کی دعائیں ہیں، قرض کی واپسی کیلئے آسان اقساط اور 3 ماہ کا گریس پیریڈ رکھا گیا ہے جبکہ قرضوں کی واپسی کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پروگرام میرے دل کے قریب ہے اور میرے قائد نواز شریف کا خواب ہے کہ ہر بے گھر کو اپنی چھت نصیب ہو، نواز شریف لوگوں کے گھر بنتے دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ماضی کی حکومتیں دہائیوں میں بھی اتنے گھر نہیں بنا سکیں جتنے گھروں کی بنیاد موجودہ حکومت نے صرف 6 ماہ میں رکھ دی ہے۔

قبل ازیں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت 33,500 افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے 36 ارب روپے کے قرض جاری کیے جا چکے ہیں۔