بھارتی ایجنسی ’را‘ کا خطرناک منصوبہ بے نقاب

اسلام آباد سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کی جانب سے بلوچستان میں دہشت گردی کی ایک بڑی سازش کا پردہ فاش ہوا ہے۔

معتبر انٹیلی جنس ذرائع نے یہ بتایا ہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ناکامی کے بعد پاکستان کے صوبے بلوچستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت کالعدم تنظیم بی ایل اے، فتنہ الخوارج، اور غیر قانونی افغان باشندوں کو گوادر، کوئٹہ، اور خضدار جیسے اہم علاقوں میں دہشت گردی کے احکامات دیے گئے ہیں۔

رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ "را" نے افغانستان سے تربیت یافتہ دہشت گرد بھی بلوچستان میں بھیجے ہیں اور مقامی سہولت کاروں کو بھی متحرک کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، کچھ دہشت گرد پہلے ہی اپنے ہدف کے علاقوں کی ریکی مکمل کر چکے ہیں اور ممکنہ طور پر وہ گاڑیوں یا موٹر سائیکلوں کے ذریعے خودکش حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ تاہم، قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس ہیں اور کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔