اسلام آباد/نئی دہلی (ویب ڈیسک):
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی فضائیہ نے چینی ساختہ PL-15E ایئر ٹو ایئر میزائل کا استعمال کرتے ہوئے بھارتی طیاروں کو نشانہ بنایا، جس کے ملبے کے کچھ حصے بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں گرے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، یہ PL-15E میزائل، جو کہ چین کے PL-15 کا ایکسپورٹ ورژن ہے، بھارتی طیاروں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔ یہ میزائل میک 5 سے زیادہ کی رفتار حاصل کر سکتا ہے اور پاکستانی ورژن کی رینج تقریبا 145 کلومیٹر ہے۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ PL-15E ایک انتہائی خطرناک ہتھیار ہے، جو دشمن کے طیاروں کو دور سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی جدید ریڈار اور اینٹی-جمنگ خصوصیات اسے خاص طور پر مثر بناتی ہیں، خاص طور پر ایسے مخالف کے خلاف جس کے الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز کمزور ہوں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، میزائل کے کچھ حصے ہوشیار پور کے ایک دیہی علاقے میں گرے، جہاں مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔