امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے ترکیہ میں ہونے والے روس یوکرین مذاکرات سے متعلق زیادہ توقعات نہیں ہیں۔
آج ترکیہ میں روس اور یوکرین کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات ہو رہے ہیں، یوکرین کے صدر ترکیے میں موجود ہیں تاہم وہ مذاکرات کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ روسی صدر کے مشیر مذاکرات میں شامل ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی ترکیے پہنچ گئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ آج استنبول میں ترک وزیر خارجہ اور یوکرینی وفد سے ملاقات کروں گا تاہم یوکرین مذاکرات سے متعلق زیادہ توقعات نہیں ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے قیام تک معاملے کے حل کے خواہاں ہیں، آج استنبول میں مذاکرات کے بعد ٹرمپ پوتن ملاقات کے ٹائم لائن کا فیصلہ کریں گے، روس یوکرین مذاکرات میں بریک تھرو ٹرمپ پوتن ملاقات کے بعد ہو سکتا ہے۔
فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا امریکا غزہ کی صورتحال پر پریشان ہے، غزہ میں امداد کے منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، امریکا متبادل منصوبے کے لیے تیار ہے، امریکا غزہ کے عوام کی تکالیف سے متعلق بےحس نہیں، غزہ کے عوام کو امداد فراہم کرنے کے مواقع موجود ہیں۔