وزیراعظم کا این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کےحصے پر کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کےحصے پر کمیٹی تشکیل دوں گا۔

پشاور میں جرگہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جرگےمیں شرکت میرے لیےعزت کی بات ہے، ہم یہاں آپ کی بات سننے کے لیے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام دلیر اورغیورہیں، خیبرپختونخوا پاکستان کا خوبصورت ترین صوبہ ہے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے این ایف سی ایوارڈ کو ریویو کرنے کی بات کی ہے، قبائلی عمائدین اورخیبرپختونخوا کے لوگ غیرت مند ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کےلوگوں نے1947کےریفرنڈم میں پاکستان کا بھرپورساتھ دیا، قیام پاکستان میں بھرپورساتھ دے کرثابت کیا آپ پاکستان کے بڑے حامی ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے ہمیشہ قومی پرچم کو بلند کیا،اے پی ایس سانحہ کے بعد دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کیا گیا،خیبرپختونخوا کے لوگوں کے ملک کی خاطر تمام اختلافات بھلا دیے ہیں، قبائلی جرگے میں عمائدین کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کےعوام کی عظیم قربانیاں تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکتی، این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کےحصے پر کمیٹی تشکیل دوں گا، مختلف ادوارمیں خیبرپختونخوا کوتقریبا700ارب سے زائد فنڈز دیئے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2010میں این ایف سی ایوارڈ کا پہلا ایجنڈا آئٹم خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کا تھا، دہشت گردی کےخلاف جنگ کےلیےخیبرپختونخوا کو دیئےگئے ایک فیصد پرتمام صوبوں نےمکمل اتفاق کیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کی قوم دہشت گردی کےخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کا ہراول دستےکا کردارتسلیم کرتی ہے، خیبرپختونخوا پولیس کوجدید تقاضوں سے لیس کرکے نئی فورس کھڑی کرنی ہے، خیبرپختونخوا کو دہشت گردی کےمکمل خاتمےتک فنڈز ملتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نےہمارے نہتےشہریوں پرحملہ کیا،پاکستان کی جوابی کارروائی بھارت ہمیشہ یاد رکھےگا،بھارت کوشکست فاش ہوئی، مودی زخم چاٹ رہا ہے، بھارت پانی بند کرنےکی دھمکیاں دے رہا ہے،وزیراعظم بھارت نےمزید کوئی حرکت کی تواسے سبق سکھائیں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ زندگی بھرنہیں بھولےگا، جب بھی وطن نےپکارا ہمارا سجیلا جوان اپنےبچوں کو چھوڑ کر سرحد پرپہنچا، معاشی میدان میں بھی پاکستان ایک عظیم قوم بن کر ابھرے گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کےخلاف جیت پردوست ممالک بھی خوش ہیں، ہندوستان کےساتھ پاکستان کی جنگ میں عوام کی دعائیں شامل تھیں، قوم نے افواج پاکستان اورملکی سلامتی کے لیے دعائیں کیں، دشمن نے گھات لگا کر پاکستان پر حملہ کیا، رات ڈھائی بجے فیلڈ مارشل نے مجھے بتایا بھارت نےحملہ کردیا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس میں کامیابی عطا کی۔