آج کی تیز رفتار زندگی اور غیر متوازن خوراک کے نتیجے میں دل کی بیماری اور ٹائپ 2 ذیابیطس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ لیکن حالیہ سائنسی تحقیق نے امید کی ایک نئی کرن روشن کی ہے۔ ایک نئی تحقیق کے مطابق، پھلوں، سبزیوں، گری دار میووں اور اناج میں موجود ایک قدرتی مرکب ’فائٹوسٹرول‘ (Phytosterol) دل کی بیماری اور ذیابیطس کے خطرے کو کم کرنے میں مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
فائٹو سٹرول کیا ہے؟
فائٹوسٹرول ایک قدرتی مرکب ہے جو پودوں میں پایا جاتا ہے اور اس کی ساخت کولیسٹرول سے ملتی جلتی ہوتی ہے۔ یہ مرکب خاص طور پر پھلوں، سبزیوں، گری دار میووں، اور مکمل اناج میں موجود ہوتا ہے۔ اگرچہ فائٹوسٹرول کے صحت بخش فوائد پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں، لیکن یہ نئی تحقیق اس بات کو اجاگر کرتی ہے کہ نارمل غذا میں موجود فائٹوسٹرول بھی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتا ہے۔
یہ تحقیق ہارورڈ ٹی ایچ چان اسکول آف پبلک ہیلتھ کے محقق ڈاکٹر فینگ لی وانگ اور ان کے ساتھیوں نے کی، اور اسے ’نیوٹریشن 2025‘ کانفرنس میں پیش کیا گیا۔ تحقیق میں امریکہ کے 2 لاکھ سے زیادہ بالغ افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، جن میں سے بیشتر صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور تھے۔ تقریباً 36 سال کے فالو اپ میں 20 ہزار افراد کو ٹائپ 2 ذیابیطس ہوئی اور 16 ہزار افراد دل کی بیماری میں مبتلا ہوئے۔
جن افراد کی خوراک میں فائٹو سٹرول کی مقدار زیادہ تھی، ان میں دل کی بیماری کا خطرہ 9 فیصد اور ذیابیطس کا خطرہ 8 فیصد کم پایا گیا۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ بی سِٹو سٹرول (β-sitosterol) خاص طور پر مؤثر پایا گیا، جبکہ دیگر دو اقسام یعنی ’کیمپیسٹیرول‘ اور ’اسٹگمیسٹیرول‘ کے نتائج واضح نہیں تھے۔
فائٹو سٹرول کیسے فائدہ دیتا ہے؟
مزید تجزیے سے معلوم ہوا کہ فائٹو سٹرول انسولین کی کارکردگی کو بہتر بناتا ہے، جسم میں سوزش کو کم کرتا ہے، اور میٹابولزم سے متعلق مرکبات کو بہتر بناتا ہے، جو کہ دل اور ذیابیطس کی بیماریوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ فائٹو سٹرول کی زیادہ مقدار سے آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا کی مقدار بھی بڑھتی ہے، جو کہ جسمانی صحت کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔
اگرچہ یہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی ہے اور اس میں وجوہات اور نتائج کا براہ راست تعلق ثابت نہیں کیا گیا، لیکن مختلف اقسام کے ڈیٹا، جیسے غذائی عادات، خون کے تجزیے، اور آنتوں کے بیکٹیریا کے تجزیے کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیق کی افادیت مضبوط ہوئی ہے۔
آپ اپنی روزمرہ غذا میں مندرجہ ذیل چیزیں شامل کرسکتے ہیں جو بہت فائدہ مند ہیں، روزانہ 4-5 سرونگز سبزیاں، 2-3 سرونگز پھل، مکمل اناج جیسے گندم، جو اور براؤن رائس، آدھی سرونگ گری دار میوے یعنی بادام، اخروٹ، پستہ وغیرہ۔
یہ غذائیں نہ صرف فائٹو سٹرول سے بھرپور ہیں بلکہ وٹامنز، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس کا بھی خزانہ ہیں، جو مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں۔
قدرتی طور پر پھلوں، سبزیوں اور پودوں پر مبنی غذا نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہوتی ہے بلکہ دل کی بیماری اور ذیابیطس جیسے موذی امراض سے بھی حفاظت فراہم کر سکتی ہے۔ فائٹو سٹرول ایک چھوٹا سا نام ہے، لیکن یہ ہماری صحت کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہو سکتا ہے۔