گرمیوں کے شدید موسم میں جسم کو تروتازہ اور ہائیڈریٹ رکھنا ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، لیکن ماہرین صحت کے مطابق پودینہ لیموں پانی نہ صرف پیاس بجھاتا ہے بلکہ جسمانی فٹنس میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
پودینہ وٹامن اے، آئرن اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جبکہ لیموں وٹامن سی کا خزانہ ہے، جو مل کر قوتِ مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مشروب بدہضمی، گیس اور سستی جیسے مسائل کے لیے ایک قدرتی حل ہے۔
ماہرین کے مطابق پودینہ لیموں پانی نہ صرف وزن کم کرنے میں مددگار ہوتا ہے بلکہ جسم کی صفائی یعنی ڈیٹاکسیفیکیشن میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مزید برآں، گرمیوں میں اس مشروب کا استعمال پانی کی کمی کو پورا کرنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ اس کا ذائقہ لوگوں کو پانی پینے کی رغبت بھی دلاتا ہے۔