پاکستان کی فضائی حدود کھولے جانے کے بعد آج یکم جون سے غیرملکی ائیر لائنز نے پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پھنسے 370 مسافروں کو لے کر امارات ائیر لائن کی پرواز ای کے 608 دبئی سے کراچی پہنچ گئی جبکہ دبئی واپسی پر اس پرواز ای کے 609 سے 41 مسافر سفر کریں گے جس کی روانگی ساڑھے 7 بجے شیڈول ہے۔
فلائٹ ای کے 608 مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر 3 بجکر 20 منٹ پر کراچی کیلئے روانہ ہوئی تھی اور غیرملکی ائیرلائن کی یہ پہلی پرواز شام 6:10 پر کراچی ائیرپورٹ پر اتری۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان کی فضائی حدود بند تھی اس دوران پی آئی اے سمیت کسی بھی ائیرلائن کی پرواز (سوائے خصوصی پروازوں کے) پاکستان نہیں آسکی۔ سرکاری اعلان کے بعد معمول کی یہ پہلی غیرملکی پرواز ہے جو پاکستان آئی۔
سول ایوی ایشن اور محکمہ صحت سندھ کی ٹیموں نے کراچی پہچنے والے مسافروں کی جناح ٹرمینل پر کورونا وائرس کی اسکریننگ کی۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق تھرمل اسکینر سے کلیئر مسافروں کا محکمہ صحت سندھ کی ٹیم نے طبی معائنہ بھی کیا۔ تمام مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کئے جارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ رپورٹس آنے تک مسافروں کو 48 گھنٹے تک کیلئے آئسولیشن میں رکھا جائے گا جس کیلئے زیادہ تر مسافروں کو ناردرن بائی پاس پر واقع لیبر فلیٹس کے سرکاری قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ قیام وطعام کے اخراجات خود برداشت کرنیوالے مسافروں کو کراچی ائیرپورٹ اور شارع فیصل پر واقع ہوٹلوں میں ٹھہرنے کی اجازت دی گئی ہے جہاں وہ پولیس کی نگرانی میں رہیں گے۔
کراچی سے دبئی جانے کیلئے جناح ٹرمینل پہنچنے والے مسافروں کی مکمل اسکریننگ کی گئی جبکہ سامان پر جراثیم کش اسپرے کیا گیا۔ اس کے علاہ قطر ائیر لائن کی پرواز بھی دو جون کی رات ڈیڑھ بجے کراچی پہنچ رہی ہے۔