ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 83292 تک پہنچ گئی، 1729 جاں بحق

 کورونا وائرس کی وبا روز بروز پھیلتی جارہی ہے ملک بھر میں اس وائرس کے 4 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد83 ہزار 292 ہوگئی جب کہ اس وائرس سے تاحال 1729 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 17 ہزار 370 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 95 ہزار 334 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مزید ہزاروں کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 83 ہزار 292 ہوگئی۔

 
کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 32 ہزار 910 تک پہنچ چکی ہے۔ پنجاب میں 29 ہزار 489، خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 373، بلوچستان میں 4 ہزار 740، اسلام آباد میں 3 ہزار 188، گلگت بلتستان 824 اور آزاد کشمیر میں 284 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے اس وائرس کے سبب اب تک ایک ہزار 729 افراد جاں بحق اور 28 ہزار 988 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئیں جہاں 570 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 526، خیبر پختونخوا میں 490، اسلام آباد میں 34، گلگت بلتستان میں 12، بلوچستان میں 49 اور آزاد کشمیر میں 7 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ایک اور رکن اسمبلی جاں بحق

خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں، میاں جمشید الدین حلقہ پی کے 63 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے وہ تحریک انصاف کی گزشتہ دور حکومت میں محکمہ ایکسائز کے وزیر رہے۔