محکمہ اطلاعات کے دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کورونا وائرس کا شکار

پشاور۔ خیبرپختونخوا کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے دو اسسٹنٹ ڈائریکٹرز رضوان ملک اور سید بلال کاظمی کا کورونا ٹسٹ مثبت آیا ہے۔ صوبائی محکمہ کے دونوں آفیسرز کورونا وباء میں فرنٹ لائن پراپنے فرائض منصبی سرانجام دے رہے تھے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان ملک وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا کے ساتھ بطور پبلک ریلیشن آفیسر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے جبکہ بلال کاظمی پختونخوا ہاوس اسلام آباد میں بطور ریجنل انفارمیشن آفیسرز تعینات ہیں۔ 

کورونا وباء کے خلاف دونوں آفیسرز شروع دن سے فرنٹ لائن پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے اوراس سلسلے میں اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کے حوالے سے عوام کو مستند اطلاعات پہنچا رہے تھے۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں آفیسرز نے خود کو گھروں میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات اجمل وزیر اور وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے دونوں آفیسرز کی جلد صحتیابی کے لئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔