متعدد فلنگ سٹیشنوں کے منیجرز ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار

پشاور۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اشفاق خان نے اسسٹنٹ کمشنر نعمان علی شاہ کے ہمراہ موٹر وے ٹول پلازہ اور جی ٹی روڈ پر مختلف گاڑیوں اور اڈہ سروس کا معائنہ کیا۔ موٹر وے پر 74گاڑیوں کے مالکان کو سیفٹی ماسک نہ پہننے پر موقع پر جرمانہ کیا گیا اور جی ٹی روڈ پر نیازی ایکسپریس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی و سیفٹی ماسک، تھرمل گن اور سینیٹائزر استعمال نہ کرنے پر سیل کر دیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سارہ رحمان نے یونیورسٹی روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اصلاح الدین نے چمکنی اور پھندو کے علاقوں میں مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق نے ورسک روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر رضوانہ ڈار نے پشتخرہ اور کوہاٹ روڈ پر مختلف فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے علاقوں میں فلنگ سٹیشنوں اور بازاروں کا معائنہ کیا۔ کاروائیوں کے دوران پشاور بھر میں 62 فلنگ سٹیشنوں کا معائنہ کیا گیا جس میں سے 22 فلنگ سٹیشنوں کے منیجرز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔