پشاور۔ کوہاٹی چوک میں نئے نادرا سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا، پیر سے نادرا سنٹر میں تمام سہولیات میسر ہونگی، عوام سے کیا گیا ہر ایک وعدہ پورا کیا جائے گا، بجٹ میں عوام کو مکمل ریلیف دینے کے لئے حکومت سنجیدہ ہے، شالیمار گارڈن میں بھی نادر ا اور پاسپورٹ آفس کے قیام کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار پارلیمانی سیکرٹری داخلہ حاجی شوکت علی نے گزشتہ روز کوہاٹی چوک میں نئے نادرا سنٹر کے افتتاح کر موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ محکمہ نادرا کے اعلی افسران اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد پارلیمانی سیکرٹر ی داخلہ نے نادراسینٹر میں قائم سٹاف کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ پیر کے دن سے نئے نادرا سینٹر میں باقاعدہ کام کا آغاز ہو جائے گا۔
جبکہ شالیمار گارڈن میں بھی نئے نادرا اور پاسپورٹ آفس کے قیام کے لئے کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے نادرا سینٹر سے اندرون شہر،وزیر باغ، بھانہ ماڑی،ڈبگری اور آس پاس کے تما م تر علاقے کے لوگ مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا سینٹر کے قیام سے پشاور شہر کے لوگوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے بجٹ کے حوالے سے کہا کہ آئندہ مالی سا ل کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی غرض سے اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اور بجٹ میں غریب طبقے کے لئے خاطر خواہ رقم مختص کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ امسال کرونا سے حوا لے سے کافی سخت گزر رہا ہے۔ لیکن حکومت وہ تمام اقدامات کر رہی ہے۔ جس سے کرونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ عوا م کو ان کی دہلیز پر سہولیات دینے کا وعدہ تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ اور نادرا سینٹر جیسے اور بھی اقدامات کئے جائے گے۔ جس سے پشاور شہر کی عوام کو فائدہ ہو۔