َخیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں اعتدال لانے کی ہدایت

پشاور۔ محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اعتدال لانے کی ہدایت کردی ہے۔ صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی سیکرٹری خوراک نثار احمد اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ فوڈ انسپکٹرز محسن علی شاہ اور وحید یوسف نے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم آٹے کی دکانوں کے دورے کئے اور آٹے کی دستیابی کا جائزہ لیا جہاں پر وافر مقدار میں آٹا موجود ہے اور آٹا ڈیلروں کو ہدایت کی کہ وہ ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی سے گریز کرتے ہوئے سرکار کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں کیونکہ حکومت کی جانب سے آٹے کی صوبے کو ترسیل شروع کردی گئی ہے اور تمام تر چیک پوسٹوں کو ختم کردیا گیا ہے۔ بعد ازاں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے گلبہار گنج گیٹ دورہ روڈ اور لاہوری گیٹ میں مقامی پولیس کے ہمراہ اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں معیار کا معائنہ اور نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی اس دوران گرانفروشی کے مرتکب 15 افراد کو دھر لیا گیا۔ کسی کو ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کی اجازت نہیں دی جائیگی کیونکہ حکومت کی جانب سے صوبہ خیبر پختونخوا کو آٹے کی ترسیل پر عائد پابندی ہٹا دی گئی ہے اور باقاعدہ چیک پوسٹوں کو ختم کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے جس کے بعد ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کرنا کسی صورت قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا ڈیلرز شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔