بھارت نے فضائی حملے کی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے بھارت کی جانب سے فضائی حملے کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت حماقت نہیں کرنا کیونکہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امیت شاہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اس کا منہ توڑدیں گے اورفوری جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کا آج کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے، دنیا بھارتی وزیرداخلہ کے بیان کا نوٹس لے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت یہ گیڈربھبکیاں بند کرے، پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے لیکن بھارت معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔ بھارتی وزیر داخلہ کو مخاطب کرکے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امیت شاہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کا لداخ کے بارے میں کیا خیال ہے، بھارت لداخ پر سرجیل اسٹرائیک کیوں نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ لداخ کے معاملے پر بھارتی میڈیا کیوں خاموش ہے، جبکہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے۔ اپنے سخت ردعمل میں وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں حکومت سے نالاں ہیں، معاشی حالات بگڑ چکے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیرمیں بھارت نے ظلم کی انتہا کی ہوئی ہے اور دوسری طرف افغانستان کے امن عمل کو بھی سبوتاژکرنا چاہتا ہے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے۔ قبل ازیں بھارتی ریاست اڑیسہ میں اپنے خطاب میں بھارت کے وزیرداخلہ امیت شاہ نے مودی حکومت کی جانب سے قومی سلامتی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے پہلے دور میں پاکستان کے اندر جاکر سرجیکل اسٹرائیک کا حکم دیا تھا۔