سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 6 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے علاوہ ازیں قابض فورس نے ایک مسجد کے تقدس کو بھی پامال کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے اضلاع شوپیاں اور پلوامہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے، جارحیت پسند بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر دونوں اضلاع میں مجموعی طور پر 6 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کرکے شہید کردیا۔
قابض فوج نے ضلع پلوامہ میں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مذہبی آزادی کے حق کو پامال کرتے ہوئے ایک مسجد کے تقدس کو بھی پامال کیا اور اندھا دھند فائرنگ کرکے 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ اسی طرح ضلع شوپیاں کے علاقے باندی پورہ میں بھی سرچ آپریشن کے دوران 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا۔
لداخ میں چینی فوج کے ہاتھوں دھول چاٹنے اور نیپال کے دباؤ کو نہ سہہ پانے والی مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کیخلاف طاقت کا بھرپور استعمال شروع کردیا ہے، صرف دو دنوں میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب بھارتی فورسز کی جانب سے اب بھی مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، سرچ آپریشن پلوامہ، کپوارہ، بارہ مولا، باندی پور اور شوپیاں کے علاقوں میں کیا جا رہا ہے۔