تبوک۔سعودی عرب کے شہر تبوک میں بغیر ستون کے سب سے بڑے گنبد والی جامع مسجد کو عوام کیلئے کھول دیا گیا،سعودی میڈیا کے مطابق یہ مشرق وسطیٰ میں ستونوں کے بغیر سب سے بڑے گنبد والی جامع مسجد ہے، جامع مسجد کو تبوک یونیورسٹی نے اپنے کیمپس میں تعمیر کرایاہے اور یہ فن تعمیر کا شاہکار ہے،جامع مسجد کا گنبد اپنی نوعیت کا منفرد اور ستونوں سے آزاد ہے۔ اس کی چھت کا اندرونی حصہ اور دیواریں شیشے کے کور کے ساتھ خوبصورت نقش و نگار سے آراستہ ہیں۔مسجد کا کل رقبہ 71 سو مربع میٹر ہے۔ جامع مسجد میں دو مینارے ہیں اور دونوں 50، 50 میٹر اونچے ہیں۔
مسجد کی گنبد نما چھت میں دھوپ اور قدرتی روشنی کے لیے روشن دان بنائے گئے ہیں۔ مسجد کا پورا ڈیزائن بے حد منفرد ہے۔ مسجد میں گنبد کی طرف سے قدرتی روشنی کا ماحول دوست نظام بنایا گیا ہے اور سینٹرل ایئرکنڈیشن سسٹم ہے۔ آگ سے بچاؤ کے لیے پیشگی انتباہی نظام بھی لگایا گیا ہے۔مسجد کے بیرونی صحن کا رقبہ 20 ہزار مربع میٹر سے زیادہ کا ہے۔ 380 گاڑیوں کے لیے پارکنگ کا انتظام ہے جبکہ خارجی صحن سبزہ زاروں سے آراستہ ہیں۔