شاہین شاہ آفریدی کو پریکٹس کی کمی کھٹکنے لگی، نوجوان پیسر کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز میں تبدیلی کی وجہ سے دورہ انگلینڈ میں مشکل پیش آئے گی۔
باﺅلنگ کوچ وقار یونس کی رہنمائی میں ٹریننگ سے ردھم حاصل کرنے کیلئے محنت کروں گا،کوشش ہوگی کہ گذشتہ سیریز کی کارکردگی انگلینڈ میں بھی دہراﺅں۔شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ہمیں مناسب پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا، گھر پر ہی جم میں ٹریننگ اور فٹنس پر کام کیا،دورہ انگلینڈ میں گیند کو چمکانے کیلئے تھوک کے استعمال پر پابندی سمیت کنڈیشنز میں تبدیلی سے بھی مشکل پیش آئے گی، البتہ وہاں ٹریننگ کیلئے اچھا وقت میسر ہوگا، میزبان ٹیم کے ویسٹ انڈیز کیخلاف میچز سے بھی نئی کنڈیشنز کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
انھوں نے کہا کہ میں سخت ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ردھم حاصل کرنے کی کوشش کروں گا، پاکستان میں منعقدہ گذشتہ دونوں ہوم سیریز کے میچز میں اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہوں،کنڈیشنز میں تبدیلی سمیت مختلف مسائل کے حل کیلئے باﺅلنگ کوچ وقار یونس کی رہنمائی حاصل کروں گا، ماضی میں بھی نیٹس میں سابق کپتان سے جو کچھ سیکھااس کا عملی اظہار انگلش ٹیم کیخلاف کرنے کی کوشش کروں گا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی حریف بیٹسمین کو بھی غیر اہم نہیں سمجھا جا سکتا،کپتان نے جب بھی گیند تھمائی کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ وکٹیں اڑاﺅں، ٹی ٹوئنٹی کی طرح ٹیسٹ کرکٹ کا بھی لطف اٹھاتا ہوں، رواں سال ورلڈکپ نہ بھی ہوتو جس فارمیٹ میں بھی ملک کی نمائندگی کا موقع ملے سو فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔