بنگلہ دیش: ٹیسٹ کیے بغیر ہزاروں منفی رپورٹس جاری کرنے والا ہسپتال مالک گرفتار


بنگلہ دیش میں ایک ہسپتال کے مالک کو ہزاروں کی تعداد میں ٹیسٹوں کے منفی نتائج جاری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق محمد شاہد نے مبینہ طور پر مریضوں کو ٹیسٹ کیے بغیر ہی انھیں کورونا سے پاک قرار دیا تھا۔

پولیس نے 42 سالہ شاہد کو گرفتار کرنے کے لیے نو روز تک تلاش جاری رکھی جس کے بعد انھیں برقع پہن کر انڈیا فرار ہوتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

ریپڈ ایکشن بٹالین کے ترجمان کرنل عاشق باللہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ 'ان کے ہسپتالوں نے کورونا وائرس کے 10 ہزار 500 ٹیسٹ کیے جن میں سے 4200 اصلی تھے اور باقی 6300 رپورٹس ٹیسٹ کیے بغیر ہی جاری کر دی گئی تھیں۔‘

اس کے علاوہ شاہد پر یہ بھی الزام ہے کہ انھوں نے حکومت سے ڈھاکہ میں موجود اپنے ہسپتالوں میں مفت علاج فراہم کرنے کے معاہدے کے باوجود سرٹیفیکیٹس اور وائرس کے علاج کے لیے پیسے لیے۔