دنیا کا پہلا آف لائن مترجم ایئربڈ

دنیا بھر میں اب حقیقی وقت میں ایک سے دوسری زبان میں ترجمہ کرکے سنانے والے دستی آلات اور ہیڈفون عام استعمال ہورہے ہیں لیکن اکثر مترجم آلات کے لیے انٹرنیٹ کنیکشن لازمی ہوتا ہے لیکن اب دنیا کا پہلا آف لائن مترجم ہیڈفون بنایا گیا ہے جو اب آف لائن رہتے ہوئے بھی کئی زبانوں کا بخوبی ترجمہ کرسکتا ہے۔

اس مترجم ایئربڈ کا نام ’ٹائم کیٹل ٹو‘ ہے جس پر 2017 سے تحقیق جاری ہے۔ اب کسی انٹرنیٹ کنیکشن کے بغیر بھی یہ انگریزی سے چینی، جاپانی، فرانسیسی اور کوریائی زبانوں میں ترجمہ کرسکتا ہے اسی طرح چھ زبانوں کا انگریزی ترجمہ کرنے کے قابل ہے۔


 
دوسری جانب عام حالات میں ائیربڈز سے موسیقی بھی سنی جاسکتی ہے کیونکہ یہ اعلیٰ معیار کی اسٹیریو آواز خارج کرتا ہے۔ اس سے قبل اسی کمپنی نے جو لائیو ٹرانسلیٹر بنایا تھا اسے آن لائن خریدوفروخت کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ایمیزون پر تین لاکھ افراد کی تائید حاصل کی تھی اور اس کے بعد آب آف لائن ورژن لانچ کیا گیا ہے۔
وائی فائی یا سیل فون نیٹ ورک کے ساتھ ٹائم کیٹل ٹو 93 زبانوں اور لہجوں میں ترجمہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ترجمے کے علاوہ ان ایئربڈ پر آپ فون کال بھی وصول کرسکتے ہیں جس کے لیے ایک ایپ بھی بنائی گئی ہے۔ خواہ بولنے والے کی رفتار تیز ہو یا دھیمی اس کا خاص سینسر تمام الفاظ کو محسوس کرکے انہیں اپنے سافٹ ویئر میں بھیجتا ہے اور ترجمہ سناتا رہتا ہے۔ اس کی بدولت آپ کو ایسا لگتا ہے کہ آپ دنیا کی مختلف زبانیں بولنے والوں سے فطری انداز میں بات کررہے ہیں۔


 
اس کی حساسیت بڑھا کر آپ اطراف میں بولنے والے افراد کی باتوں کو بھی اپنی زبان میں ترجمہ کرکے سن سکتے ہیں۔ لیکن اس کا استعمال کاروباری حضرات اور سیاحت سے وابستہ افراد کے لیے سب سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اس کی دلسچپ بات یہ ہے کہ جب اسے مختلف زبانوں کی خبروں اور فلموں پر آزمایا گیا تو اس انے درست ترین ترجمہ پیش کیا۔

ٹائم کیٹل ٹو کی بدولت ترجمہ شدہ گفتگو فون پر بھی سنی جاسکتی ہے۔