ممبئی: بالی ووڈ کے دبنگ سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے گینگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی ریاست اترکھنڈ کے شہر فریدہ آباد کی پولیس نے بدنام زمانہ لاؤرینس بشنو گینگ کے رکن کو گرفتار کیا جس نے چند ماہ قبل اسی شہر کے رہائشی شخص کو قتل کیا تھا دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ اس قتل کے بعد اُن کا اگلا ٹارگٹ بالی ووڈ کے اداکار سلمان خان تھے جس کی انہوں نے ریکی بھی کر لی تھی۔
پولیس کے مطابق چند روز قبل گرفتار ہونے والے اس گینگ نے انکشاف کیا کہ مقامی راشن اسٹور کے مالک کو قتل کرنے کے بعد وہ سلمان خان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اس حوالے سے گینگ کے ایک رکن راہول نے سلمان خان کی ریکی کرنے کے لئے ممبی کا سفر بھی کیا اور باندرہ میں واقع اداکار کے اپارٹمنٹ کی ریکی کی اور دودن تک اسی علاقے میں قیام بھی کیا۔
پولیس نے یہ بھی بتایا کہ تمام ملزمان شارپ شوٹرز ہیں اور سلمان خان ملزمان کا دوسرا ہدف تھے۔ گرفتار ملزمان میں ایک ملزم 2018 میں بھی اداکار کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کی وجہ سے گرفتار ہو چکا ہے جوکہ سلمان خان کے گلیکسی آپارٹمنٹ کی ریکی کر چکا تھا۔