بولی وڈ کے لیجنڈری اداکاردلیپ کمار کے گھر سے انتہائی افسوس ناک خبر

بولی وڈ کے معروف اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے ایک بھائی اسلم خان کورونا وائرس کے باعث ممبئی کے ہسپتال میں دوران علاج انتقال کرگئے۔

خیال رہے کہ ان کے دونوں بھائیوں احسان خان اور اسلم خان کو 16 اگست کو کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بعدازاں دلیپ کمار کے دونوں بھائیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

ہسپتال کے مطابق کورونا وائرس کے علاوہ اسلم خان ذیابیطس، فشار خون اور دل کی بیماری اسکیمک (جس میں ٹشوز کو خون کی سپلائی رک جاتی ہے) کا بھی شکار تھے۔

اس سے قبل ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا تھا کہ دلیپ کمار کے بھائیوں کی حالت ان کی عمروں اور دیگر بیماریوں کی وجہ سے تشویشناک ہے، ان کے اہم اعضا تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

خیال رہے کہ احسان خان اور اسلم خان کو سانس لینے کی شکایت پیدا ہوئی تھی اور ڈاکٹر نیتن گوکھلے نے انہیں ہسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ ان کے جسم میں آکسیجن کی سطح انتہائی کم تھی۔