بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 16لاکھ سے زائد ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اعتراف کرلیا 

 

سرینگر۔بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ جی کرشن ریڈی نے کہا ہے کہ بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اب تک 16لاکھ79 ہزارافراد کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے جا چکے ہیں۔ 

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جی کرشن ریڈی نے بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا کو ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ جموں وکشمیر کی انتظامیہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی معلومات میں کہا گیا ہے کہ تاحال 21لاکھ 13ہزار8سو 79افراد نے ڈومیسائل کے حصول کے لیے درخواستیں دی تھیں جن میں سے 16لاکھ سے زائد کر مذکورہ سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں۔

دریں اثناء اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن نے رواں سال 18 جولائی کو وادی کشمیر کے ضلع شوپیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 3 بے گناہ کشمیری مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔

 کمیشن نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ کے زیر نگرانی ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دے۔