سری نگر: بھارتی قابض فوج نے 3 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی غیرقانونی ہلاکت کا اعتراف کرلیا۔
بھارتی فوج کے ترجمان نے اپنے دعوے بے نقاب ہونے پر جعلی مقابلے کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا اعلان کیا، واضح رہے کہ 18 جولائی کو ضلع شوپیاں کے علاقے امشی پورہ میں تین نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا تھا۔
تینوں نوجوان 21 سالہ امتیاز احمد، 25 سالہ ابرار احمد اور 17 سالہ محمد ابرار رشتے دار تھے، تینوں بے گناہ نوجوانوں کی میتیں بھی ورثا کے حوالے نہیں کی گئی تھیں۔
قابض بھارتی فوج نے تینوں بے گناہ نوجوانوں کو بارہ مولا کے گنٹمولا قبرستان میں سپرد خاک کردیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق تینوں لڑکے جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں مزدور تھے، میڈیا نے بھارتی دعوے کی قلعی کھول دی تھی،غمزہ والدین نے مطالبہ کیا کہ ہمیں ہمارے بیٹوں کی میتیں دی جائیں تاکہ ان کی نماز جنازہ کے بعد تدفین کی جاسکے۔
یاد رہے کہ بھارتی غاصب فوج پہلے بھی کئی جعلی مقابلوں میں سیکڑوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کرچکی ہے۔