کورونا کو سیاسی بنا کرہمیں بدنام کرنیکی کوشش کی گئی،وبا کو شکست دیکر رہیں گے، چینی صدر 

 

جینیوا: چین کے صدر شی جنگ پنگ نے کہا ہے کہ کورونا کے معاملے کو سیاسی بنا کر ہمیں بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم وبا کو شکست دے کر رہیں گے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے چینی صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم کورونا کو شکست دے کر رہیں گے، وبا کے معاملے کو سیاسی بنا کر چین کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں‘۔

صدر نے اعلان کیا کہ چین ترقی پذیر ممالک کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین تیار کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔


قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بذریعہ ویڈیو لنک کورونا وبا دنیا بھر میں پھیلنے کا الزام چین پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس معاملے کی عالمی سطح پر تحقیقات کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی صدر ایک موقع پر کورونا کو چینی وائرس جبکہ ایک اور موقع پر ووہان وائرس کا نام دے چکے ہیں۔ 

ٹرمپ کے ایسے بیانات پر دنیا بھر میں اْن کا نہ صرف مذاق بنا بلکہ متعدد ممالک کے سربراہان نے انہیں کورونا کے معاملے پر غیر سنجیدہ حکمران بھی قرار دیا‘۔